Skip to main content

Allah Allah Jamal Unka Hai

اَللہ اَللہ جمال اُن کا ہے
حُسن ، کومل کمال اُن کا ہے

شَہد ، بادَل ، صراحی ، جھیل ، کنول
جو بھی اَچھا ہے مال اُن کا ہے

دِل میں گو کہ خیال لاکھوں ہیں
سب سے اُونچا خیال اُن کا ہے

اُن کا اِک بال بھی گو میرا نہیں
پر مرا بال بال اُن کا ہے

آخری سال میرا یہ ہو گا
سولہواں چونکہ سال اُن کا ہے

دِل ، جگر ، جاں ہے میری اُن کے پاس
میرے پاس اِک رُومال اُن کا ہے

آگ بھڑکاتا ہے تجسس کی
پردہ ’’دَرپردہ‘‘ جال اُن کا ہے

دوستو! بن مُبالغے کے سنو
آفتاب ایک خال اُن کا ہے

وہ اَداؤں کے پیر و مرشِد ہیں
منتظِر ہر غزال اُن کا ہے

حُسنِ بندش کی اَوج سیکھو قیس
شَہر بھر یرغمال اُن کا ہے

Comments

Popular posts from this blog

Talkhiyan By Sahir Ludhianvi

lateefay