Skip to main content

karaingy naqd hasrat ka shumar ahista ahista

کریں گے نقدِ حسرت کا شمار آہستہ آہستہ
اتاریں گے تمنا کا ادھار آہستہ آہستہ

یقیں میری وفا پر اُن کو آتے آتے آئے گا
چھٹے گا بے یقینی کا غبار آہستہ آہستہ

ابھرتا ہے کوئی چہرہ طلوعِ مہر کی صورت
بناتا ہے مصور شاہکار آہستہ آہستہ

تبسم دھیرے دھیرے ان کے ہونٹوں پر ابھرتا ہے
وہ سنتے ہیں مِرے دل کی پکار آہستہ آہستہ

شبِ غم چٹکیاں لیتی ہے انکی یاد رہ رہ کر
ہلاتے ہیں وہ سازِ دل کے تار آہستہ آہستہ

مِرا زخمِ تمنا بنتے بنتے پھول بنتا ہے
اترتی ہے مِرے دل میں بہار آہستہ آہستہ

زمانہ جبر کی صورت بدلتا ہے مگر کم کم
عطا ہوتا ہے مجھ کو اختیار آہستہ آہستہ

رہا ہے قرن ہا قرن آفتابِ ارتقا روشن
رخِ ہستی پہ آیا ہے نکھار آہستہ آہستہ

ابھی کچھ اور ایاز اشکوں سے اسکی آبیاری کر
کہ پھل دیتا ہے نخلِ انتظار آہستہ آہستہ

ایاز صدیقی

Comments

Popular posts from this blog

Talkhiyan By Sahir Ludhianvi

lateefay